اسلام آباد ( پ ر ) پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کیطرف سے اے آر وائی کا این او سی سیکیورٹی کا بہانہ بناکرمنسوخ کرنے اور پھر پیمرا کی جانب سے تمام شرائط پورے کرنے کے باوجود بدنیتی سے لائسنس کی تجدید نہ کرنے کا اقدام انتہائی ظالمانہ ہے فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے تاکہ نیوز چینل سے وابستہ ہزاروں میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایف یو جے، نیشنل پریس کلب اور آر آئی یو جے کی جانب سے اسلام آباد میں اے آروائی کے دفتر کے باہر احتجاجی کیمپ میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر افضل بٹ نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے اور سیاسی مقاصد کیلئے پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو متنازعہ بنا نے والے عناصر کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے کیونکہ ایسے عناصر کی مذموم حرکات پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں ۔ افضل بٹ نے اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹیو سلمان اقبال کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے بیان سے اظہار لاتعلقی اور اس پر معذرت کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اب اے آر وائے کو بحال کر دینا چاہیے۔
افضل بٹ نے مزید کہا کہ اے آر وائی کی بندش کی وجہ سے چینل سے وابستہ ہزاروں میڈیا ورکرز اور صحافی بے روزگاری کے خوف سے پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا آج سے ملک بھر میں اے آر وائے کے دفاتر کے سامنے یکجہتی کیمپ لگائے جائیں گے۔ 15 اگست کو ملک بھر میں پیمرا کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ مظاہرے میں آر آئی یو جے ، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا اور دیگر عہدیداران سمیت سینئر صحافیوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔





