اسلام آباد ( )
شہید صحافت ارشد شریف پر انسانیت سوز تشدد کی تصاویر اور رپورٹس منظر عام پر آنے کے بعد پی ایف یو جے ک وفد نے ارشد شریف کی رہائشگاہ پر ان کی والدہ، اہلیہ اور بچوں کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی جس کے بعد پی ایف یو جے نے ارشد شریف قتل کیس میں باضابطہ طور پر پارٹی بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں ملاقات کرنے والوں میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان، صدر آر آئی یو جے عابد عباسی ، سیکرٹری فنانس کاشان اکمل، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا، نائب صدر مائرہ عمران، سیکرٹری فنانس نیر علی اور جوائنٹ سیکرٹری طلعت فاروق شامل تھے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ایف یو جے کے وفد کو ارشد شریف کی والدہ محترمہ نے بیٹے کیخلاف درج ہونے والے مقدمات،اپنے تحفظ کیلئے ارشد شریف کی جانب سے مختلف اتھارٹیز کو لکھے گئے خطوط ، ارشد شریف کی پاکستان سے روانگی اور دوبئی چھوڑنے کی وجوہات سے آگاہ کیا، ملاقات کے دوران اس نکتہ پر بھی خصوصی غور کیا گیا کہ کینیا میں ارشد شریف کے قتل کی سب سے پہلے اطلاع دینے والا کون تھا اور کس کو یہ اطلاع دی گئی تھی۔ انہوں نے پوسٹمارٹم اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے حصول میں پیش آنے والی دشواریوں سے بھی وفد کو آگاہ کیا، اس موقع پر ارشد شریف کی والدہ نے توقع ظاہر کی کہ پی ایف یو جے کی کاوشوں اور جدوجہد کے نتیجہ میں ارشد شریف کے قاتل بے نقاب ضرور ہوں گے ۔ پی ایف یو جے نے ارشد شریف کیس ڈیل کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں صدر افضل بٹ ، سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان، صدر آر آئی یو جے عابد عباسی اور صدر نیشنل پریس کلب انور رضا شامل ہیں۔





